46

دورہ پاکستان کی منسوخی پر ہولڈنگ نے ای سی بی کو گھمنڈی قرار دیدیا

دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو بدستور تنقید کا سامنا ہے، ویسٹ انڈین لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے بھی ای سی بی کو دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر آڑے ہاتھ لیتے ہوئے گھمنڈی قرار دے دیا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کو اس ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا مگر کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کا بہانہ بناکر اس نے دورے سے انکار کردیا۔

ای سی بی کو اس فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، منگل کو ایک ایوارڈ تقریب کے دوران گفتگو میں مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ انگلینڈ کو صرف چار روز پاکستان میں گزارنا تھے مگر اس نے دورہ منسوخ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہاں پاکستان کی جگہ بھارت ہوتا تو انگلینڈ کبھی ایسا نہیں کرتا جیسا پاکستان کے ساتھ کیا کیوں کہ بھارت مضبوط اور امیر بورڈ ہے۔

مائیکل ہولڈنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا، ای سی بی کو بچانے کیلئے کرکٹ کھیلی، ای سی بی کے پاس موقع تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے احسان کا قرض اتارتا، مگر اس نے ایسا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ انگلش بورڈ نے ایک بیان دیا اور بیان کے پیچھے چھپ گئے، کوئی سامنے آکر بات نہیں کررہا کیوں کہ انہیں بھی معلوم ہے کہ یہ غلط ہوا ہے۔

ویسٹ انڈین لیجنڈ نے کہا کہ ای سی بی کا بیان بھی ان کی سمجھ سے باہر ہے، اس میں کوئی وزن نہیں، سب بے کار کی باتیں کی گئی ہیں۔

انہوں نے ای سی بی کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی گھمنڈ کی نشانی ہے کہ میں وہ کروں گا جو میری مرضی ہوگی، دوسرے کیا سوچتے اس کی پروا نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں